Mausam e Bahar Essay in Urdu |
Bahar ka Mosam in Urdu
اسلام و علیکم امید ہے آپ سب خیریت سے ہونگے میں یقظہ حسین اپنے بلاگ پر خوش آمدید کہتی ہوں۔آج میں آپکو موسم بہار پر مضمون پیش کرتی ہوں۔
موسم بہار
مضمون
موسم۔بہار کی تعریف
لفظ بہار بذاتِ خود کتنا روح پرور لفط ہے۔بہار آتی ہے تو رنگِ گلستان بدلنے لگتا ہے۔پتّے زرد لباس اتار کر سبز مخمل کے جوڑے پہن لیتے ہیں۔ٹُنڈ مُنڈ درخت ہرے بھرے ہوجاتے ہیں۔جہاں باغوں میں خاک اُڑرہی تھی اب پُرکیف ہلچل مچ رہی ہے،مُرجھائے ہوئے سرسبز وشاداب نظر آنے لگتے ہیں۔سبز شاخیں خوشی سے جھوم رہی ہیں۔سبز پتّے ہوا کے جھونکوں سے کھیل رہے ہیں۔
موسم بہار کی خوبصورتی
ذرا باہر نکل کر بہار کا عالم دیکھیں۔چڑیاں خوشی کے ترانے گارہی ہیں بُلبُل نغمہ سرا ہے،پرندے چہچہا رہے ہیں،چشموں سے صاف شفاف پانی بہہ رہا یے۔مختلف گُلوں کی خوش رنگ پتیاں دوشِ آب پر سوار ہوئی چلی آرہی ہے ہیں،نرم نرم شاخیں لہلہارہی ہیں۔بادِنسیم جے جھونکے اٹھکیلیاں کھا رہے ہیں کبھی اِس گُل کو چھیڑتے ہیں،کبھی اس گُل کو گُد گُداتے رہیں،پھول ہنس ہنس کر جھوم رہے ہیں شاخوں پر کلیاں رقص کر رہی ہیں۔
موسم بہار کی پرکت
ہر پرندہ اپنے اپنے گانے الاپ رہا ہے کوئی اپنے خالق کی ثناء خوانی کر رہا ہے کوئی اپنے کسی ہم جنس کو نغمی سرائی میں شرکت کے لئے بُلا رہا ہے کہ آؤ مل کر خوشی کی تانیں بجائیں،ہر سمت سے نغمہ ہائے خوش کُن ذہن وقلب کو سُرور پہنچا رہے ہیں۔لوگوں کے دلوں میں نیا جوش،نیا خون گردِش کرنے لگا ہے چہرے ہشاش بشاش نظر آرہے ہیں۔ درخت خوش ذائقہ پھلوں کی اُمید بندھا رہے ہیں،چمن میں ہر طرف زنگینیاں ہی رنگینیاں بکھری پڑی ہیں۔خوشبو سے دماغ معطر ہو رہا ہے،جس سے دل ودماغ کو تسکین مل رہی ہے،طبیعت بشاش ہوتی جا رہی ہے۔زمانے کے غم ذہن سے دور ہو رہے ہیں،سبزہ زار آنکھوں کو تازگی بخش رہے ہیں۔پُرکیف مناظر دل کو لبھا رہے ہیں۔حُسن وجمال کی رعنائیاں فرحت بخش رہی ہیں،ذرّے ذرّے میں نئی روح پھونکی جا رہی ہیں۔ہر شے مسحور نظر آرہی ہے،درختوں پر وجد طاری ہے۔کیسا عالم ہے نئے نئے شگوفے نکل رہے ہیں،کلیاں چٹک رہی ہیں،پھول ہنس رہے ہیں یہ شگوفے یہ پھول شبنم کی مے شبانہ سے بدمست ہوئے جارہے ہیں موسم بہار زمیں سے حُسن وخوشی کے خزانے اُگل رہا ہے۔بادِنسیم گُلوں کی خوشبو سے ہر دماغ کو معطر کر رہی ہے اور بھینی بھینی خوشبو قلب ونظر کی تسکین کا سامان پیدا کر رہی ہے،بہار کی رنگینیاں دل و دماغ کو دولت اور سُکون کی نعمت عطا کر رہی ہیں۔اس سے طبیعت کا جمود اور اس کی مایوسی دور ہوتی جا رہی ہے۔
موسم بہار کی ہریالی
موسم بہار میں جب انسان کلیوں کی چٹک،گُلوں کے تبسُّم اور نسیم صبح کی اٹھکیلیوں کا سماں دیکھتا ہے تو حیران ہوجاتا ہے کہ چند ماہ پہلے کیا تھا اور اب کیا ہوگیا ہے وہ اس کی قدرت کا قائل ہوتا ہے وہی زرد پتّے سبز ہوگئے ہیں وہی پتّوں کے بغیر درخت سبز پتّوں سے لدے پڑے ہیں نہ یہ بُلبُلوں کی نغمہ سرائی تھی نہ گُلوں کی رعنائی تھی تو یہ کیسے ہوگیا یہ اس ذاتِ باری تعالٰی کا کرشمہ ہے،جو ہر چیز پر قادر ہے اور جو جی چاہے کر سکتا ہے جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ مرنے کے بعد ہم کیسے زندہ ہوں،اُن کے لئے یہ لمحہ فکریہ ہے۔۔۔۔۔۔یہ اُس خداوندِ باکمال کے کمالات اور اس کے جمال کا ظہور ہیں اگر وہ اب بھی نہ سمجھیں تو اُن کی کم فہمی ہے۔
اگر یہ مضمون آسان الفاظ میں دس لائن میں پڑھنا چاہتے ہیں تو میری اس وڈیو میں پڑھ سکتے ہیں۔
میری اس وڈیو میں یہ مضمون انگلش میں دس لائن میں پڑھ سکتے ہیں۔
بہت شکریہ میرے بلاگ پر آکر موسم بہار پر مضمون پڑھنے کا۔
0 Comments